Sunday 24 May 2015

سرایا اور غزوات


اہل سیر کی اصطلاح میں غزوہ اس فوجی مہم کو کہتے ہیں جس میں نبیﷺ بنفس نفیس تشریف لے گئے ہوں، خواہ جنگ ہوئی ہو یا نہ ہوئی ہو اور سریہ وہ فوجی مہم جس میں آپﷺ خود تشریف نہ لے گئے ہوں سرایا اسی سریہ کی جمع ہے۔
جنگ کی اجازت نازل ہونے کے بعد ان دونوں منصوبوں کے نفاذ کے لیے مسلمانوں کی عسکری مہمات کا سلسلہ عملاً شروع ہوگیا۔ طلایہ گردی کی شکل میں فوجی دستے گشت کرنے لگے۔ اس کا مقصود وہی تھا جس کی طرف اشارہ کیا جاچکا ہے کہ مدینہ کے گرد وپیش کے راستوں پر عموماً اور مکے کے راستے پر خصوصاً نظر رکھی جائے اور اس کے احوال کا پتا لگایا جاتا رہے اور ساتھ ہی ان راستوں پر واقع قبائل سے معاہدے کیے جائیں اور یثرب کے مشرکین ویہود اور آس پاس کے بدؤوں کو یہ احساس دلایا جائے کہ مسلمان طاقتور ہیں اور اب انہیں کمزور نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ نیز قریش کو ان کے بے جا طیش اور تیور کے خطرناک نتیجے سے ڈرایا جائے تاکہ جس حماقت کی دلدل میں وہ اب تک دھنستے چلے جارہے ہیں اس سے نکل کر ہوش کے ناخن لیں اور اپنے اقتصاد اور اسبابِ معیشت کو خطرے میں دیکھ کر صلح کی طرف مائل ہو جائیں اور مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر ان کے خاتمے کے جو عزائم رکھتے ہیں اور اللہ کی راہ میں جو رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں اور مکے کے کمزور مسلمانوںپر جو ظلم وستم ڈھارہے ہیں ان سب سے باز آجائیں اور مسلمان جزیرۃ العرب میں اللہ کا پیغام پہنچانے کے لیے آزاد ہو جائیں۔
ان سَرَایا اور غزوات کے مختصر احوال پیش کیاجارہا ہے۔
۱۔ سریہ سیف البحر(ساحل سمندر)(رمضان ۱ ھ مطابق مارچ ۶۲۳ ء )
رسول اللہﷺ نے حضرت حمزہ بن عبد المطلبؓ کو اس سَریہ کا امیر بنایا اور تیس مہاجرین کو ان کے زیر ِ کمان شام سے آنے والے ایک قریشی قافلے کا پتا لگانے کے لیے روانہ فرمایا۔ اس قافلے میں تین سوآدمی تھے جن میں ابو جہل بھی تھا۔مسلمان عِیْص(بحر احمر کے اطراف میں ینبع اور مَرْوَہ کے درمیان ایک مقام)کے اطراف میں ساحل سمندر کے پاس پہنچے تو قافلے کا سامنا ہوگیا اور فریقین جنگ کے لیے صف آراء ہوگئے لیکن قبیلہ جہینہ کے سردار مجدی بن عَمرو نے جو فریقین کا حلیف تھا ، دوڑ دھوپ کر کے جنگ نہ ہونے دی۔
حضرت حمزہؓ کا یہ جھنڈا پہلا جھنڈا تھا جسے رسول اللہﷺ نے اپنے دستِ مبارک سے باندھا تھا۔ اس کا رنگ سفیدتھا اور اس کے علمبردار حضرت ابو مرثد کناز بن حصین غنویؓ تھے۔

۲۔ سریہ رابغ: (شوال ۱ھ اپریل ۶۲۳ ء )
رسول اللہﷺ نے حضرت عبیدہؓ بن حارث بن عبدالمطلب کو مہاجرین کے ساٹھ سواروں کا رسالہ دے کر روانہ فرمایا۔ رابغ کی وادی میں ابو سفیان سے سامنا ہوا۔ اس کے ساتھ دوسو آدمی تھے، فریقین نے ایک دوسرے پر تیر چلائے لیکن اس سے آگے کوئی جنگ نہ ہوئی۔
اس سریے میں مکی لشکر کے دوآدمی مسلما نوں سے آملے۔ ایک حضرت مقداد بن عمرو البہرانی اور دوسرے عتیبہ بن غزوان المازنی رضی اللہ عنہما ۔ یہ دونوںمسلمان تھے اور کفار کے ساتھ نکلے ہی اس مقصد سے تھے کہ اس طرح مسلمانوں سے جاملیں گے۔
حضرت ابو عبیدہؓ کا عَلَم سفید تھا اور علمبردار حضر ت مسطح بن اثاثہ بن مطلب بن عبد مناف تھے۔

۳۔ سریہ خرار(ذی قعدہ۱ ھ مئی ۶۲۳ ء )
خرار، خ پر زبر اور رپر تشدید ، جحفہ کے قریب ایک مقام کا نام ہے ۔رسول اللہﷺ نے اس سَرِیہ کا امیر حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو مقرر فرمایا اور انہیں بیس آدمیوں کی کمان دے کر قریش کے ایک قافلے کا پتا لگانے کے لیے روانہ فرمایا اوریہ تاکیدفرمادی کہ خرار سے آگے نہ بڑھیں۔ یہ لوگ پیدل روانہ ہوئے رات کو سفر کرتے اور دن میں چھپے رہتے تھے۔ پانچویں روز صبح خر ار پہنچے تو معلوم ہوا کہ قافلہ ایک دن پہلے جا چکاہے۔اس سریے کا عَلَم سفید تھا اور علمبردار حضرت مقداد بن عمروؓ تھے۔



۴۔ غزوہ ابواء یا ودان (صفر ۲ ھ اگست ۶۲۳ ء )
ودان ، و پر زبر۔ د پر تشدید ، مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک مقام کا نام ہے۔ یہ رابغ سے مدینہ جاتے ہوئے ۲۹ میل کے فاصلے پر پڑتا ہے ، ابواء ودان کے قریب ہی ایک دوسرے مقام کا نام ہے۔اس مہم میں ستّر مہاجرین کے ہمراہ رسول اللہﷺ بہ نفسِ نفیس تشریف لے گئے تھے اور مدینے میں حضرت سعدؓ بن عبادہ کو اپنا قائم مقام مقرر فرمایا تھا۔ مہم کا مقصد قریش کے ایک قافلے کی راہ روکنا تھا۔ آپﷺ وَدَّان تک پہنچے لیکن کوئی معاملہ پیش نہ آیا۔
اسی غزوہ میں آپﷺ نے بنوضمرہ کے سردار عمرو بن مخشی الضمری سے حلیفانہ معاہدہ کیا ، معاہدے کی عبارت یہ تھی :
'' یہ بنو ضمرہ کے لیے محمد رسول اللہﷺ کی تحریر ہے۔ یہ لوگ اپنے جان اور مال کے بارے میں مامون رہیں گے۔ اور جوان پر یورش کرے گا اس کے خلاف ان کی مدد کی جائے گی ، اِلاّ کہ یہ خود اللہ کے دین کے خلاف جنگ کریں۔ ( یہ معاہدہ اس وقت تک کے لیے ہے ) جب تک سمندر سِوار( پانی کی تہہ میں اگنے والی ایک گھاس)کو تر کرے (یعنی ہمیشہ کے لیے ہے ) اور جب نبیﷺ اپنی مدد کے لیے انہیں آواز دیں گے تو انہیں آنا ہو گا۔''(المواہب اللدنیہ ۱/۷۵ شرح زرقانی)
یہ پہلی فوجی مہم تھی جس میں رسول اللہﷺ بذاتِ خود تشریف لے گئے تھے۔ اور پندرہ دن مدینے سے باہر گزار کر واپس آئے۔ اس مہم کے پرچم کا رنگ سفید تھا اور حضرت حمزہؓ علمبردارتھے۔
۵۔ غزوہ ٔبواط (ربیع الاول ۲ ھ ستمبر۶۲۳ ء )
بواط ،ب پر پیش اور رضویٰ کو ہستان جہینہ کے سلسلے کے دوپہاڑ ہیں جو درحقیقت ایک ہی پہاڑ کی دوشاخیں ہیں یہ مکہ سے شام جانے والی شاہراہ کے متصل ہے اور مدینہ سے ۴۸ میل کے فاصلے پر ہے۔اس مہم میں رسول اللہﷺ دوسو صحابہ کو ہمراہ لے کر روانہ ہوئے۔ مقصود قریش کا ایک قافلہ تھا جس میں امیہ بن خلف سمیت قریش کے ایک سو آدمی اور ڈھائی ہزار اونٹ تھے۔ آپﷺ رضویٰ کے اطراف میں مقام بُواط تک تشریف لے گئے لیکن کوئی معاملہ پیش نہ آیا۔
اس غزوہ کے دوران حضرت سعد بن معاذؓ کو مدینے کا امیر بنایا گیا تھا۔ پر چم سفید تھا علمبردار حضرت سعد بن ابی وقاصؓ تھے۔
۶۔ غزوہ ٔ سفوان: (ربیع الاول ۲ ھ ، ستمبر ۶۲۳ ء )
اس غزوہ کی وجہ یہ تھی کہ کرز بن جابر فہری نے مشرکین کی ایک مختصر سی فوج کے ساتھ مدینے کی چراگاہ پر چھاپہ مارا اور کچھ مویشی لوٹ لیے۔ رسول اللہﷺ نے ستر صحابہ کے ہمراہ اس کا تعاقب کیا اور بدر کے اطراف میں واقع وادیٔ سفوان تک تشریف لے گئے۔کرز اور اس کے ساتھیوں کو نہ پاس کے اور کسی ٹکراؤ کے بغیر واپس آگئے۔ اس غزوہ کو بعض لوگ غزوہ ٔ بدر اولیٰ بھی کہتے ہیں۔
اِس غزوہ کے دوران مدینے کی امارت زید بن حارثہؓ کو سونپی گئی تھی۔ عَلَم سفید تھا اور علمبر دار حضرت علیؓ تھے۔
۷۔ غزوہ ٔ ذی العشیرہ: (جمادی الاولی وجمادی الآخر ہ ۲ ھ نومبر ، دسمبر ۶۲۳ ء )
اس مہم میں رسول اللہﷺ کے ہمراہ ڈیڑھ یا دو سو مہاجرین تھے لیکن آپﷺ نے کسی کو روانگی پر مجبور نہیں کیا تھا۔ سواری کے لیے صرف تیس اونٹ تھے۔ اس لیے لوگ باری باری سوار ہوتے تھے۔ مقصود قریش کا ایک قافلہ تھا جو ملک شام جارہا تھا اور معلوم ہوا تھا کہ یہ مکے سے چل چکا ہے۔ اس قافلے میں خاصا مال تھا۔ آپﷺ اس کی طلب میں ذوالعُشَیْرہ ینبوع کے اطراف میں ایک مقام کا نام تک پہنچے لیکن آپﷺ کے پہنچنے سے کئی دن پہلے ہی قافلہ جاچکا تھا۔ یہ وہی قافلہ ہے جسے شام سے واپسی پر نبیﷺ نے گرفتار کرنا چاہا تو یہ قافلہ تو بچ نکلا لیکن جنگ ِ بدر پیش آگئی۔اس غزوہ میں رسول اللہﷺ نے بنو مدلج اور ان کے حلیف بنو ضمرہ سے عدمِ جنگ کا معاہدہ کیا۔ایام سفر میں مدینہ کی سربراہی کاکام حضرت ابوسلمہ بن عبد الاسد مخزومیؓ نے انجام دیا۔ اس دفعہ بھی پر چم سفید تھا اور علمبردار حضرت حمزہؓ تھے۔



۸۔ سریۂ نخلہ: (رجب ۲ ھ جنوری ۶۲۴ ء )
اس مہم پر رسول اللہﷺ نے حضرت عبد اللہ بن جحشؓ کی سرکردگی میں بارہ مہاجرین کا ایک دستہ روانہ فرمایا۔ ہر دوآدمیوں کے لیے ایک اونٹ تھا جس پر باری باری دونوں سوار ہوتے تھے۔ دستے کے امیر کو رسول اللہﷺ نے ایک تحریر لکھ کر دی تھی اور ہدایت فرمائی تھی کہ دودن سفر کر لینے کے بعد ہی اسے دیکھیں گے۔ چنانچہ دودن کے بعد حضرت عبد اللہ نے تحریر دیکھی تو اس میں درج تھا :''جب تم میری یہ تحریر دیکھو تو آگے بڑھتے جاؤیہاں تک کہ مکہ اور طائف کے درمیان نخلہ میں اُترو اور وہاں قریش کے ایک قافلے کی گھات میں لگ جاؤ اور ہمارے لیے اس کی خبروں کا پتا لگا ؤ۔'' انہوں نے سمع وطاعت کہا اور اپنے رفقاء کواس کی اطلاع دیتے ہوئے فرمایا کہ میں کسی پر جبر نہیں کرتا ، جسے شہادت محبوب ہووہ اٹھ کھڑا ہو اور جسے موت ناگوار ہو وہ واپس چلاجائے۔ باقی رہا میں ! تو ،میں بحر حال آگے جاؤں گا۔ اس پر سارے ہی رُفقاء اٹھ کھڑے ہوئے اور منزل مقصود کے لیے چل پڑے۔ البتہ راستے میں سعد بن ابی وقاص اور عتبہ بن غزوان رضی اللہ عنہما کا اونٹ غائب ہوگیا جس پر یہ دونوں بزرگ باری باری سفر کررہے تھے، اس لیے یہ دونوں پیچھے رہ گئے۔
حضرت عبد اللہ بن جحشؓ نے طویل مسافت طے کر کے نخلہ میں نزول فرمایا۔ وہاں سے قریش کا ایک قافلہ گزرا جو کشمش ، چمڑے اور سامانِ تجارت لیے ہوئے تھا۔ قافلے میں عبد اللہ بن مغیرہ کے دوبیٹے عثمان اور نوفل اور عمرو بن حضرمی اور حکیم بن کیسان مولیٰ مغیرہ تھے۔ مسلمانوں نے باہم مشورہ کیا کہ آخر کیا کریں۔ آج حرام مہینے رجب کا آخری دن ہے اگر ہم لڑائی کرتے ہیں تو اس حرام مہینے کی بے حرمتی ہوتی ہے اور رات بھر رک جاتے ہیں تو یہ لوگ حدودِ حرم میں داخل ہو جائیں گے۔ اس بعد سب ہی کی یہی رائے ہوئی کہ حملہ کردینا چاہیے چنانچہ ایک شخص نے عمرو بن حضرمی کو تیر مارا اور اس کا کام تمام کردیا۔ باقی لوگوں نے عثمان اور حکیم کو گرفتار کرلیا ، البتہ نوفل بھاگ نکلا۔ اس کے بعد یہ لوگ دونوں قیدیوں اور سامانِ قافلہ کو لیے ہوئے مدینہ پہنچے۔ 
رسول اللہﷺ نے ان کی اس حرکت پر بازپرس کی اور فرمایا کہ میں نے تمہیں حرام مہینے میں جنگ کرنے کا حکم نہیں دیا تھا، اور سامان قافلہ اور قیدیوں کے سلسلے میں کسی بھی طرح کے تصرف سے ہاتھ روک لیا۔ادھراس حادثے سے مشرکین کو اس پروپیگنڈے کا موقع مل گیا کہ مسلمانوں نے اللہ کے حرام کیے مہینے کو حلال کرلیا ، چنانچہ بڑی چہ میگوئیاں ہوئیں یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعے اس پروپیگنڈہ کی قلعی کھولی اور بتلایا کہ مشرکین جو کچھ کررہے ہیں وہ مسلمانوں کی حرکت سے بدرجہا زیادہ بڑا جرم ہے۔ ارشاد ہوا :
يَسْأَلُونَكَ عَنِ الشَّهْرِ‌ الْحَرَ‌امِ قِتَالٍ فِيهِ ۖ قُلْ قِتَالٌ فِيهِ كَبِيرٌ‌ ۖ وَصَدٌّ عَن سَبِيلِ اللَّـهِ وَكُفْرٌ‌ بِهِ وَالْمَسْجِدِ الْحَرَ‌امِ وَإِخْرَ‌اجُ أَهْلِهِ مِنْهُ أَكْبَرُ‌ عِندَ اللَّـهِ ۚ وَالْفِتْنَةُ أَكْبَرُ‌ مِنَ الْقَتْلِ ۗ (۲: ۲۱۷ )
'' لوگ تم سے حرام مہینے میں قتال کے متعلق دریافت کرتے ہیں۔ کہہ دو اس میں جنگ کرنا بڑا گناہ ہے اور اللہ کی راہ سے روکنا اور اللہ کے ساتھ کفر کرنا ، مسجد حرام سے روکنا اور اس کے باشندوں کو وہاں سے نکالنا یہ سب اللہ کے نزدیک اور زیادہ بڑا جرم ہے اور فتنہ قتل سے بڑھ کر ہے۔''
اس وحی نے صراحت کردی کہ لڑنے والے مسلمانوں کی سیرت کے بارے میں مشرکین نے جو شور برپا کررکھا ہے اس کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ قریش اسلام کے خلاف لڑائی میں مسلمانوں پر ظلم وستم رانی میں ساری ہی حرمتیں پامال کرچکے ہیں۔ کیا جب ہجرت کرنے والے مسلمانوں کا مال چھینا گیا اور پیغمبر کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ واقعہ شہرحرام (مکہ ) سے باہر کہیں اور کا تھا ؟ پھرکیا وجہ ہے کہ اب ان حرمات کا تقدس اچانک پلٹ آیا اور ان کا چاک کرنا باعث ننگ وعار ہوگیا۔ یقینا مشرکین نے پروپیگنڈے کا جوطوفان برپا کر رکھا ہے وہ کھلی ہوئی بے حیائی اور صریح بے شرمی پر مبنی ہے۔
اس کے بعد رسول اللہﷺ نے دونوں قیدیوں کو آزاد کردیا اور مقتول کے اولیاء کو اس کا خون بہاادا کیا۔
یہ ہیں جنگِ بدر سے پہلے کے سریے اور غزوے۔ ان میں سے کسی میں بھی لوٹ مار اور قتل وغارت گری کی نوبت نہیں آئی جب تک کہ مشرکین نے کرز بن جابر فہری کی قیادت میں ایسا نہیں کیا ، اس لیے اس کی ابتدا بھی مشرکین ہی کی جانب سے ہوئی جب کہ اس سے پہلے بھی وہ طرح طرح کی ستم رانیوں کا ارتکاب کرچکے تھے۔ ان سرایا اور غزوات کی تفصیل ذیل سے لی گئی ہے۔ زاد المعاد ۲/۸۳-۸۵ ابن ہشام ۱/۵۹۱ - ۶۰۵ رحمۃ للعالمین ۱ / ۱۱۵، ۱۱۶، ۲/۲۱۵ ، ۲۱۶ ، ۴۶۸ - ۴۷۰۔ ان مآخذ میں ان سرایا وغزوات کی ترتیب اور ان میں شرکت کرنے والوں کی تعداد کے بارے میں اختلاف ہے۔ ہم نے علامہ ابن ِ قیم اور علامہ منصور پوری کی تحقیق پر اعتماد کیا ہے۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔