Saturday, 18 June 2016
شام سے لشکرِ اسامہ رضی اللہ عنی کی واپسی
Posted by
Islamichistory
مختلف قبائل کے مسلمان زکوٰۃ لے کر مدینہ پہنچ ہی رہے تھے کہ اسامہؓ بھی سر زمین روم سے مظفرو منصور واپس آ گئے۔ ابوبکرؓ اور کبار صحابہ نے مقام جرف میں لشکر کا استقبال کیا۔ عامۃ الناس نے بھی بڑے جوش و خروش سے اس فوج کا خیر مقدم کیا۔ جب لشکر مدینہ میں داخل ہوا تو ہر جانب سے خوشی اور مسرت کے گیتوں کی آوازیں آ رہی تھیں۔ اسامہؓ سب سے پہلے مسجد نبوی میں پہنچے وہ علم جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے انہیں مرحمت فرمایا تھا، مسجد میں بلند کیا اور نماز شکرانہ ادا کی۔
ابوبکرؓ نے نہایت دور اندیشی سے فیصلہ کیا کہ دشمن کو تیاری کا موقع نہ دیا جائے بلکہ اس پر پے در پے حملے کر کے اس کی قوت و طاقت توڑ دی جائے۔ انہوں نے اسامہ اور ان کے لشکر کو فی الحال آرام کرنے کا حکم دیا اور خود ان لوگوں کو ساتھ لے کر روانہ ہوئے جو اس سے پہلے ذی القصہ کی لڑائی میں ان کے ساتھ شریک تھے۔ لوگوں نے درخواست کی کہ آپ اپنے آپ کو خطرے میں نہ ڈالیں کیونکہ اگر خدانخواستہ آپ کو کوئی ضرر پہنچ گیا تو اسلامی سلطنت کا نظام تہ و بالا ہو جائے گا، اس لیے آپ اپنی جگہ کسی اور کو لشکر کا سردار مقرر فرما دیں تاکہ اگر وہ میدان میں کام بھی آ جائے تو مسلمانوں کو نقصان نہ پہنچ سکے۔ لیکن ابوبکرؓ جب کسی کام کا ارادہ کر لیتے تھے تو جب تک اسے پورا نہ کر لیتے پیچھے ہٹنے کا نام ہی نہ لیتے تھے۔ انہوں نے یہ باتیں سن کر فرمایا:
واللہ! میں ہرگز پیچھے نہ رہوں گا بلکہ تمہارے ساتھ رہ کر تمہاری ہمتوں کو بلند رکھوں گا۔
مدینہ سے روانہ ہو کر ابوبکرؓ ابرق پہنچے جو ذی القصہ کے قریب واقع ہے۔ وہاں بنی عبس، ذبیان اور بنی بکر سے ان کی مٹ بھیڑ ہوئی۔ جنگ میں موخر الذکر قبائل کو شکست اٹھانی پڑی اور مسلمانوں نے انہیں اس علاقے سے نکال دیا۔ ابرق بنی ذبیان کی ملکیت تھا۔ لیکن جب ابوبکرؓ نے انہیں وہاں سے نکال دیا تو اعلان کیا کہ اب یہ سر زمین مسلمانوں کی ملکیت ہے، آئندہ بنی ذبیان اس پر قابض نہ ہو سکیں گے۔ چنانچہ اس کے بعد یہ مقامات مسلمانوں ہی کی ملکیت میں رہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد بھی بنو ثعلبہ نے اس جگہ دوبارہ آباد ہونا چاہا تو ابوبکرؓ نے اجازت نہ دی۔
عبس، ذبیان، غطفان، بنی بکر اور مدینہ کے قریب بسنے والے دوسرے باغی قبائل کے لیے مناسب تھا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی اور بغاوت سے باز آ جاتے، ابوبکرؓ کی کامل اطاعت اور ارکان اسلام کی بجا آوری کا اقرار کرتے اور مسلمانوں سے مل کر مرتدین کے خلاف نبرد آزما ہو جاتے۔ عقل کا تقاضا بھی یہی تھا اور واقعات بھی اسی کی تائی دکرتے تھے۔ ابوبکرؓ کے ذریعے سے ان کا زور ٹوٹ چکا تھا، روم کی سرحدوں پر حصول کامیابی کے باعث اہل مدینہ کا رعب قائم ہو چکا تھا۔ مسلمانوں کی قوت و طاقت بڑھ چکی تھی اور اب وہ اس کمزوری کے عالم میں نہ تھے جو جنگ بدر اور ابتدائی غزوات کے ایام میں ان پر طاری تھی۔ اب مکہ میں بھی ان کے ساتھ تھا اور طائف بھی اور ان دونوں شہروں کی سیادت سارے عرب پر مسلم تھی۔ پھر خود ان قبائل کے درمیان ایسے مسلمان کثرت سے موجود تھے نہیں باغی کسی صورت ساتھ نہ ملا سکے تھے اور اس طرح ان کی پوزیشن بے حد کمزور تھی۔
لیکن مسلمانوں کی دشمنی نے ان کی آنکھیں اندھی کر دی تھیں اور سود و زیاں کا احساس دلوں سے جاتا رہا تھا۔ انہوں نے اپنے وطنوں کو چھوڑ دیا اور قبیلہ بنی اسد کے متنبی طلیحہ بن خویلد سے جا ملے۔ جو مسلمان ان کے درمیان موجود تھے وہ انہیں ان کے ارادوں سے باز نہ رکھ سکے۔ ان لوگوں کے پہنچ جانے سے طلیحہ اور مسیلمہ کی قوت و طاقت میں بہت اضافہ ہو گیا اور یمن میں بغاوت کے شعلے زور و شور سے بھڑکنے لگے۔ یہ حالات دیکھ کر ابوبکرؓ نے فیصلہ کیا کہ جنگ کا سلسلہ بدستور جاری رکھا جائے اور اس وقت تک دم نہ لیا جائے جب تک یمن کا چپہ چپہ اسلامی حکومت کے زیر نگین نہ آ جائے۔ اگر یہ قبائل عقل سے کام لیتے تو طلیحہ اور دوسرے مدعیان نبوت کو اتنا فروغ حاصل نہ ہوتا اور بہت جلد سارا عرب اسلام کی آغوش میں آ جاتا۔ لیکن اللہ کو کچھ اور منظور تھا۔ اس نے مخالفین کو مزید مہلت دی کہ وہ اس عرصے میں اپنی جمعیت اور مضبوط کر لیں۔
اسلام سے ان قبائل کے عناد اور نفرت کی اصل وجہ وہی تھی جس کا ذکر ہم ابتداء میں کر آئے ہیں یعنی قبائلی عصبیت اور یہ جذبہ کہ ہم کسی طاقت کا غلبہ تسلیم نہیں کر سکتے۔ جب ان قبائل کو مدینہ پر حملہ کرنے میں ناکامی ہوئی بلکہ اس کے برعکس انہیں اپنی بعض بستیوں ہی سے نکلنا پڑا تو بدوی طبائع نے فاتح طاقت کے سامنے سر جھکانا اور اس کی سیادت قبول کر کے اس کے ماتحت زندگی بسر کرنا گوارا نہ کیا۔ چنانچہ وہ اس خیال سے بنی اسد اور طلیحہ سے جا کر مل گئے کہ ممکن ہے ان کا ساتھ دینے سے وہ اپنی عبرت ناک شکست کا داغ دھو سکیں۔
لیکن ابوبکرؓ تمام قبائلی عصبیتوں سے دور تھے۔ان کے پیش نظر صرف ایک مقصد تھا اور وہ یہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قائم کردہ طریقہ اختیار کیا جائے اور آپ کے بتائے ہوئے راستے پر چلا جائے۔ انہوں نے اپنی ساری جدوجہد اسی مقصد کے حصول کے لیے وقف کر دی۔ یہی سیاست تھی جس کے نفاذ کا اعلان انہوں نے بیعت کے دن کیا تھا اور اپنے عہد خلافت میں اسی پر نہایت سختی سے کاربند رہے۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔