Saturday, 18 June 2016
خلافتِ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ
Posted by
Islamichistory
عالم اسلام کی تاریخ کا آغاز حقیقتاً اس وقت سے ہوتا ہے جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اہل وطن کے مسلسل مظالم سے نہایت درجہ پریشان ہو کر مکہ کی سرزمین سے ہجرت کر نے اور مدینہ میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ اس عظیم الشان واقعے کو اسلامی تاریخ کا مبداء اس لیے قرار دیا جاتا ہے کہ ترقی اسلام کی بنیاد اسی وقت سے پڑی‘ اللہ کی تائید و نصر ت نہایت شاندار طور پر ظاہر ہوئی اور کفار مکہ کو جو مسلسل تیرہ سال تک اسلام کی سخت مخالفت کرنے اور اپنے مقصد میں ناکام رہنے کے بعد بالآخر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قتل پر متفق ہو چکے تھے۔ ایک بار پھر زبردست ناکامی کامنہ دیکھنا پڑا۔ اس موقع پر حضرت ابوبکرؓ واحد شخص تھے جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفاقت کاشرف حاصل ہوا۔ اس واقعے کے دس برس کے بعد جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرض الموت میں مبتلا ہوئے اورنماز پڑھانے کے لیے مسجد میں تشریف نہ لا سکے توآپ نے اپنی جگہ جس شخص کو امامت کے لیے منتخب کیا وہ ابوبکرؓہی تھے ۔ یہ عظیم الشان شرف ایساتھا جو حضرت عمرؓ بن خطاب جیسے جلیل القدر صحابی کو بھی نہ حاصل ہو سکا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت جیسے نازک موقع پر ابوبکر ؓ کو اپنا ساتھی کیوں چنا اورمرض الموت میں اپنی جگہ نماز پڑھانے کا حکم کیوں دیا؟ اس کی وجہ بالکل ظاہر ہے کہ ابوبکر ؓ ہی سب سے پہلے آ پ کی رسالت پر ایمان لائے تھے اوردین حق کی خاطر جان‘ مال اور عزت کی قربنی دینے میں بھی ان کا قدم دوسرے تمام مسلمانوں سے آگے رہا۔ وہ قبول اسلام سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات تک کے طویل عرصے میں برابر آ پ کی اعانت‘ دین اسلام کی اشاعت اورکفار کے مظالم سے مسلمانوں کو محفوظ رکھے میں ہمہ تن مشغول رہے تھے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد کوانہوں نے اپنے ہر کام پر مقدم رکھا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے اپنی جان تک کی مطلق پروا نہ کی تھی اور ہر جنگ میں آپ کے دو ش بدوش کفار سے مقابلہ و مقاتلہ کیا تھا۔ نہایت پختہ ایمان کے علاوہ ان کے اخلاق حسنہ بھی کمال کو پہنچے ہوئے تھے۔۔ اسی حسن خلق کی بدولت وہ بے حد ہر دل عزیز تھے اور ہر مسلمان ان سے محبت کرتا تھا۔
ابوبکرؓ کے دینی مرتبے اور ان سے لوگوں کی حد درجہ عقیدت ہی کا نتیجہ تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے بعد جب آپ کی جانشینی کا سوال مسلمانوں کے سامنے آیا تو ان کی نظر انتخاب انہی پر پڑی اور سب نے ان کو بالاتفاق پہلا خلیفہ تسلیم کر لیا۔ اپنے مختصر عہد خلافت میں اسلام کی سربلندی کے لیے انہوں نے جو الوالعزمانہ کوششیں کیں ان کی نظیر عالم اسلام کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ابوبکرؓ ہی کے مبارک زمانے میں اسلامی سلطنت کا آغاز ہوا جس نے پھیلتے پھیلتے دنیا کے کثیر حصے کو اپنے دامن میں سمیٹ لیا۔ اس عظیم الشا ن مملکت کے کنارے ایشیا میں ہندوستان ور چین تک افریقہ میں مصر اور تونس و مراکش تک اور یورپ میں اندلس و فرانس تک پھیل گئے تھے۔ یہ سلطنت تھی کہ جس نے انسانی تہذیب و تمدن کو پروان چڑھانے کے لیے وہ کارہائے نمایاں انجام دیے جن کا اثر رہتی دنیا تک رواں دوا ں رہے گا۔
ایک طرف یہ مرد حق غریبوں اور مسکینوں کی مدد کے لیے ہر لحظہ بے چین نظر آتا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس جیسا درد مند انسان دنیا کے پردے پرکوئی نہ ہو گا۔ دوسری طرف علامہ کلمۃ الحق اور اسلام کی سربلندی کی خاطر وہ بڑے سے بڑا خطرہ قبول کر لینے کے لیے تیار ہو جاتا ہے اور دنیا کی تمام طاقتیں مل کر بھی اسے اس کے عزم و ارادہ سے باز نہیں رکھ سکتیں۔ عزم و استقلال کا یہ عظیم پیکر تردد اور ہچکچاہٹ کے نام سے بھی نا آشنا تھا۔ ا س عظیم الشان انسان کولوگوں کی مخفی صلاحیتوں کو بھانپ کر انہیں اجاگر کرنے اور ان سے ان کی استعداد کے مطابق کا م لینے کا بہترین ملکہ حاصل تھا۔
رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عہد میں ابوبکرؓ نے ایک عاشق صادق کی طرح زندگی بسر کی ۔ جب قریشی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایذائوں اور مظالم کا نشانہ بناتے تھے تو کفار کے مقالبے میں ابوبکرؓ ہی سینہ سپر ہوتے تھے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت پر جس شخص نے سب سے پہلے لبیک کہا وہ ابوبکرؓ ہی تھے ۔ ابوبکرؓ ہی نے ہجرت کے نازک ترین موقع پر غار ثور سے یثرب تک پوری جاں نثاری سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفاقت کی۔ مدینہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہود کی مکاریوں اور منافقین کی ریشہ دوانیوں سے واسطہ پڑا ور قریش مکہ اوریہود مدینہ کی پے در پے کوششوں کے نتیجے میں ساراا عرب آپ کے مقابلے میں اٹھ کھڑا ہوا تو ابوبکرؓ ہی نے آپ کے خاص الخاص مشیر کار کے فرائض انجا م دیے۔
اسلام کی سربلندی کے لیے جو موقف ابوبکرؓ نے اختیار کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفاقت کے ذیل میں جو بلند پایہ خدمات انہوںنے انجام دیں وہ نہ صرف مجموعی طور پر آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں بلکہ ان میں سے ہر ایک ابوبکرؓ کے نام کا ابد الاباد تک زندہ رکھنے کے لیے کافی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ابوبکرؓ کی رفعت شان کو احاطہ تحریر میں لانا ممکن ہی نہیں کیونکہ اعلاء کلمۃ الحق کی خاطر جو قربانیاں انہوں نے پیش کیں ان کا تعلق اصل میں دل سے ہے اوریہ علم خدا ہی کو ہو سکتا ہے کہ ابوبکرؓ کے دل میں اسلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے جو جذبات موجزن تھے وہ ظاہر کے مقابلے میں کتنے شدید تھے اوران کا اندرونی اخلاص ظاہری اخلاص سے کتنا زیادہ تھا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے بعد ابوبکرؓ کے عہد خلافت میں جو واقعات پیش آئے ان سے ان کا حسن بصیرت اور دور رسی مزید آشکار ہو گئی ۔ مرتدین عرب سے فراغت پانے کے بعد جب آپ نے ایران و روم پر توجہ مبذول کی تو سب سے بڑا ہتھیار جو انہوں نے ان دونوں سلطنتوں کے خلاف استعمال کیا وہ عدل کا تھا جسے اسلام نے اصل الاصول کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا تھا اس ہتھیار کا سامنا ایرانی سلطنت کر سکتی تھی نہ رومی مملکت ۔ ایران اور روم کے باشندے شخصی اقتدار کی چکی میں پس رہے تھے۔ رعایا کے درمیان مختلف طبقات قائم تھے نسلی امتیاز کی لعنت بری طرح مسلط تھی حکمرا ن طبقہ ملک میں بسنے والے دوسرے طبقو ں کو اپنے سے کم تر بلکہ اچھوت سمجھتا تھا‘ اور انہیں ہر لحاظ سے دبانا فرض خیال کرتا تھا۔ عین اس وقت اسلام نے عدل و انصاف اور مساوات کا علم بلند کیا۔
ابوبکرؓ نے ایران جانے اور روم جانے والی افواج کے سپہ سالاروں کو خاص طور پر ہدایات فرمائیں۔ کہ وہ عدل و انصاف کادامن کسی طرح ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور مفتوحہ علاقوں کے تمام لوگوں سے بلا امتیا مذہب و ملت مساوی سلوک کریں۔ اس طرح جو ہاشیے ایک عرصے سے ظلم و ستم اور عدم مساوات کا شکار چلے آ رہے تھے وہ اسلام کے منصفانہ اصولوں کی جھلکیاں دیکھ کر اس کے گرویدہ ہو گئے اور ان سلطنتوں کو اپنی زبردست عسکری قوت اور عظیم الشان مسلح افواج کے باوجود مسلمانوں کے مقابلے میں ہزیمت اٹھانا پڑی ۔ ظاہر ہے کہ ظلم و تشدد اور نسلی امتیاز روا رکھنے والی سلطنت خواہ اس کی ظاہری طاقت کتنی ہی ٹھوس اور اس کی فوج کتی ہی منظم ہو ایسی قوم کے مقابلے میں کبھی نہیں ٹھہر سکتی جو عدل و انصاف اور مساوات کی نہ صرف علم بردار ہو بلکہ جس کی زندگی انہیں سانچوں میں ڈھلی ہو۔ یہ طرز زندگی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعدکامل طورپر ابوبکرؓ نے دنیا کے سامنے پیش کیا۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔