Thursday 10 December 2015

تبوک میں پیچھے رہ جانے والے


یہ غزوہ اپنے مخصوص حالات کے لحاظ سے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک سخت آزمائش بھی تھا۔ جس سے اہل ِ ایمان اور دوسرے لوگوں میں تمیز ہوگئی۔ اور اس قسم کے موقع پر اللہ کا دستور بھی یہی ہے۔ ارشاد ہے :
مَّا كَانَ اللَّـهُ لِيَذَرَ‌ الْمُؤْمِنِينَ عَلَىٰ مَا أَنتُمْ عَلَيْهِ حَتَّىٰ يَمِيزَ الْخَبِيثَ مِنَ الطَّيِّبِ ۗ (۳: ۱۷۹)
''اللہ مومنین کو اسی حالت پر چھوڑ نہیں سکتا جس پر تم لوگ ہو یہاں تک کہ خبیث کو پاکیزہ سے علیحدہ کردے۔ ''
چنانچہ اس غزوہ میں سارے کے سارے مومنین صادقین نے شرکت کی اور اس سے غیر حاضری نفاق کی علامت قرار پائی۔ چنانچہ کیفیت یہ تھی کہ اگر کوئی پیچھے رہ گیا تھا اور اس کا ذکر رسول اللہﷺ سے کیا جاتا تو آپ فرماتے کہ اسے چھوڑ و۔ اگر اس میں خیر ہے تو اللہ اسے جلدہی تمہارے پاس پہنچادے گا اور اگر ایسا نہیں ہے تو پھر اللہ نے تمہیں اس سے راحت دے دی ہے۔ غرض اس غزوے سے یاتو وہ لوگ پیچھے رہے جو معذور تھے یاوہ لوگ جو منافق تھے۔ جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول سے ایمان کا جھوٹا دعویٰ کیا تھااور اب جھوٹا عذر پیش کرکے غزوہ میں شریک نہ ہونے کی اجازت لے لی تھی اور پیچھے بیٹھ رہے تھے۔ یا سر ے سے اجازت لیے بغیر ہی بیٹھے رہ گئے تھے۔ ہاں ! تین آدمی ایسے تھے جو سچے اور پکے مومن تھے۔ اور کسی وجہ جواز کے بغیر پیچھے رہ گئے تھے۔ انہیں اللہ نے آزمائش میں ڈالا اور پھر ان کی توبہ قبول کی۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ واپسی پر رسول اللہﷺ مدینہ میں داخل ہوئے تو حسبِ معمول سب سے پہلے مسجد نبوی میں تشریف لے گئے۔ وہاں دورکعت نماز پڑھی۔ پھر لوگوں کی خاطر بیٹھ گئے۔ ادھر منافقین نے جن کی تعداد اسی سے کچھ زیادہ تھی،( واقدی نے ذکر کیا ہے کہ یہ تعداد منافقین انصار کی تھی۔ ان کے علاوہ بنی غفار وغیرہ اعراب میں سے معذرت کرنے والوں کی تعدا دبھی بیاسی تھی۔ پھر عبد اللہ بن اُبی اور اس کے پیروکار ان کے علاوہ تھے۔ اور ان کی بھی خاصی بڑی تعداد تھی۔ (دیکھئے : فتح الباری ۸/۱۱۹))آآکر معذرتیں شروع کردیں۔ اور قسمیں کھانے لگے۔ آپ نے ان سے ان کا ظاہر قبول کرتے ہوئے بیعت کرلی اور دعائے مغفرت کی، اور ان کا باطن اللہ کے حوالے کردیا۔

باقی رہے تینوں مومنین صادقین ... یعنی کعب بن مالک ، مرارہ بن ربیع اور ہلال بن اُمیہ ... تو انہوں نے سچائی اختیار کرتے ہوئے اقرار کیا کہ ہم نے کسی مجبوری کے بغیر غزوے میں شرکت نہیں کی تھیدینہ واپس ہونے کے بعد رسول اکرم ﷺ نے صحابہؓ سے فرمایا! " ان تینوں میں سے کسی ایک کے ساتھ بھی تم کلام نہ کرنا" حضرت کعبؓ بن مالک فرماتے ہیں کہاایک مرتبہ ایک نبطی جو شام کے علاقہ کا تھا انہیں شاہِ غسّان کا ایک خط لاکر دیا جس میں لکھا تھا …" امابعد! ہمیں معلوم ہوا ہے کہ تمہارے ساتھی (نبی کریمﷺ) نے سرد مہری کی ہے اور اﷲ نے تمہیں ذلت و تباہی کی جگہ نہیں رکھا، اس لئے تم یہاں آکر مجھ سے ملو، میں تمہارے لئے معاش اور روزی میں حصہ رسدی کا انتظام کروں گا" حضرت کعبؓ گو معتوب نبوی تھے مگر انھوں نے اس خط کو تنور میں ڈال دیا، حضرت کعبؓ آگے فرماتے ہیں…’‘ جب پچاس راتوں میں سے چالیس گذر گئیں تو حضور اکرم ﷺ کا قاصد ان کے پاس آیا اور کہا حضور اکرم ﷺ تمہیں اس بات کا حکم دیتے ہیں کہ اپنی بیوی سے علحٰدگی اختیار کرلو، انہوں نے پوچھا کیا بیوی کو طلاق دے دوں؟ کہا … نہیں بلکہ اس سے الگ رہو اور اس کے قریب مت جاؤ،
(ابن ہشام)
حضور ﷺ کے قاصد نے ان کے دونوں ساتھیوں مرارہؓ بن ربیع اورہلا ل بن اُمیہ کو بھی یہی پیغام پہنچایا، حضور اکرم ﷺ کے حکم کے مطابق تمام لوگوں نے ان تین صحابہؓ کے ساتھ سلام و کلام کے علاوہ ان کے ہاتھوں خرید و فروخت ترک کر دی تھی، جب اس مقاطعہ کو پچاس دن مکمل ہوئے تو اﷲ تعالیٰ نے رحم فرماکر ان کو معاف کردیا اور ان کی توبہ قبول فرمائی، سورۂ توبہ کی آیت ۱۱۸ نازل ہوئی جس میں فرمایا گیا :
(ترجمہ) " اور ان تین شخصوں پر بھی (مہربانی کی) جن کا معاملہ ملتوی رکھا گیا تھا یہاں تک کہ زمین باوجود اس قدر وسیع ہونے کے ان پر تنگ ہوگئی اور وہ خود بھی اپنی جان سے تنگ ہوگئے اور انھوں نے سمجھ لیا کہ اﷲ کی گرفت سے انھیں کہیں پناہ نہیں مل سکتی مگر یہ کہ اسی کی طرف رجوع کیاجائے، پھر اﷲ نے ان پر مہربانی کی تاکہ وہ توبہ کریں، بلاشبہ اﷲ ہی توبہ قبول کرنے والا(اور) مہربان ہے.
(سورۂ توبہ :۱۱۸)
اس حکم کے نازل ہونے کے بعد تینوں صحابہ کرامؓ بے حد خوش ہوئے ، لوگوں نے آکر انھیں بشارت دی ،جو لوگ معذوری کی وجہ سے غزوہ میں شرکت نہ کرسکے تھے ان کے بارے میں اﷲ تعالیٰ نے ارشار فرمایا :
( جہاد میں نہ جانے کا ) نہ تو ضعیفوں پر کچھ گناہ ہے اور نہ بیماروں پر اور نہ ان پر جن کے پاس خرچ کرنے کو کچھ نہیں جبکہ یہ لوگ اللہ اور اس کے رسول کے خیرخواہ ہیں،اور نہ ان لوگوں پر ( کسی طرح کا الزام ہے ) جو کہ تمہارے پاس آئے کہ تم ان کو سواری دو (اور ) تم نے کہا کہ میرے پاس کوئی چیز نہیں ہے کہ تم کو سوار کروں تو اس حال میں وہ لوٹ گئے کہ غم سے کہ ان کے پاس اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کو کچھ نہ تھا ، ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے " .
( سورہ توبہ :۹۲)

Like · Comment · Share

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔